نئی دہلی،21اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس صدر سونیا گاندھی سے پیر کو گجرات کے پارٹی اراکین اسمبلی نے ملاقات کی اور سونیا نے کہا کہ انہیں گجرات کو مہاتما گاندھی کے نظریے کے مطابق بنانے کے لئے محنت کرنی چاہئے۔گجرات کے 43پارٹی ایم ایل اے نے سونیا سے ملاقات کی۔اس موقع پر پارٹی نائب صدر راہل گاندھی، کانگریس صدر کے سیاسی مشیر احمد پٹیل اور گجرات انچارج اشوک گہلوت بھی موجود تھے۔کانگریس کے ترجمان شکتی سنگھ گوہل نے بتایا کہ راجیہ سبھا انتخابات میں احمد پٹیل کی جیت کے بعد پارٹی ممبران اسمبلی کی سونیا سے یہ پہلی ملاقات ہے۔اس موقع پر سونیا نے پٹیل کو فتح دلانے کے لئے پارٹی ممبران اسمبلی کو مبارک باد دی۔
گوہل نے کہا کہ سونیا نے کانگریس ممبران اسمبلی سے کہا کہ جب اصولوں کی لڑائی لڑی جاتی ہے تو عوام کی بھی دعائیں ملتی ہیں۔گجرات کے آئندہ اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے پارٹی ممبران اسمبلی سے کہا کہ آپ جس یکجہتی کی وجہ سے ٹیسٹ میں پاس ہوئے ہیں، اسے بنائے رکھیں اور آگے بھی اسی طرح متحد رہ کر کانگریس کو فاتح بنائیں۔گوہل نے بتایا کہ سونیا نے کہا کہ پارٹی کا مقصد اقتدارپر قبضہ کرنانہیں ہے، گجرات کی اپنی شناخت ہے۔
مہاتما گاندھی کی زمین ہونا قابل فخر ہے۔بی جے پی کی 25سال کی حکمرانی میں یہ شہرت آلودہ ہوئی ہے۔سونیا نے پارٹی ممبران اسمبلی سے کہا کہ گجرات مہاتما گاندھی کے نظریے کے مطابق بنے، اس کے لئے محنت کی جانی چاہئے۔